لاہور(سپورٹس رپورٹر، خبرنگار) پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے گیمل میگرامو کو شکست دیکر ورلڈ باکسنگ کونسل کے سلور فلائی ویٹ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔ جنوبی کوریا کے شہر سیول میں ہونے والی فائٹ میں دونوں باکسرز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ 12 راو¿نڈ تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد وسیم نے محض ایک پوائنٹ کے فرق سے فتح حاصل کی۔یہ محمد وسیم کے پروفیشنل کیرئیر کی پانچویں فائٹ تھی اور وہ اب تک ناقابل شکست ہیں۔انکے حریف گیمل میگرامو اس سے قبل 17 فائٹس جیت چکے تھے۔ یہ ان کی 18ویں فائٹ تھی جس میں بالآخر انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ محمد وسیم نے جولائی میں فلپائن کے باکسر جیدر اولیوا کو شکست دینے کے بعد ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور فلائی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ 2014ءمیں کامن ویلتھ گیمز میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا، فلپائینی باکسر گیمل میگرامو کو فائٹ کیلئے پسندیدہ قرار دیا جارہا تھا لیکن محمد وسیم نے انہیں ہراکر اپ سیٹ کردیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس مقابلے کیلئے دو ماہ خاص ٹریننگ کی جس کے بعد وہ جسمانی اور ذہنی طور پر تیار ہوئے۔ محمد وسیم نے بتایا کہ وہ سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیتنے والے پہلے جنوبی ایشیائی کھلاڑی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ باکسنگ ایک مشکل کھیل ہے جس کیلئے جسمانی صحت اور ٹریننگ کا خرچ تعاون کے بغیر پورا کرنا ممکن نہیں۔ واضح رہے کہ محمد وسیم پروفیشنل باکسر بننے کے بعد امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں مقیم ہیں جہاں وہ مشہور باکسر فلائیڈ مے ویدر کے ٹریننگ سینٹر میں ٹریننگ کرتے ہیں اور فلائیڈ مے ویدر کے چچا جیف مے ویدر ان کی ٹرینر ہیں۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے سلور فلائی ویٹ چیمپئن کے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے پر پاکستانی باکسر محمد وسیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ محمد وسیم نے رنگ میں بہترین صلاحیتوں اور مہارت کا مظاہرہ کر کے ناقابل شکست فلپائنی باکسر کو ہرایا اور انکی کامیابی ملک و قوم کیلئے اعزاز ہے۔ وسیم نے ٹائٹل جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا اور ثابت کیا ہے کہ پاکستانی نوجوان صلاحیتوں اور قابلیت میں کسی سے کم نہیں۔
محمد وسیم / ٹائٹل