پاکستان اور سوڈان کے سیاسی سطح پر تعلقات تو بہت اچھے ہیں سوڈان کے سفیر تاج الدین الحادی طاہر

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں سوڈان کے سفیر تاج الدین الحادی طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سوڈان کے سیاسی سطح پر تعلقات تو بہت اچھے ہیں لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان اور سوڈان کے معاشی اور تجارتی تعلقات بہت نچلی سطح پر ہیں‘ اس وقت پاکستان اور سوڈان کی دوطرفہ تجارت سالانہ ایک سو ملین امریکی ڈالر ہے جو بہت کم ہے۔ سوڈان کے پاکستان میں نئے سفیر ”وقت نیوز“ کے پروگرام ایمبیسی روڈ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ سوڈانی سفیر نے بتایا انہوں نے پاکستان کی فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لیڈروں کو دعوت دی ہے کہ وہ اگلے سال جنوری میں خرطوم میں ہونے والی بین الاقوامی صنعتی نمائش میں شرکت کریں۔ سوڈان ایک بڑی مارکیٹ ہے پاکستان ٹیکسٹائل مصنوعات‘ سرجیکل آلات‘ کھیلوں کا سامان اور ادویات بڑے پیمانے پر سوڈان کو برآمد کر سکتا ہے۔ پاکستانی صنعتکار سوڈان میں صنعتیں لگا کر اپنی مصنوعات سوڈان اور اس کے ہمسایہ ملکوں کو برآمد کر سکتے ہیں۔ پاکستانی صنعتکار اور سرمایہ کار سوڈانی سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبے بھی شروع کر سکتے ہیں۔ عالم اسلام کو درپیش مسائل پر سوال کے جواب میں سوڈان کے سفیر نے کہا کہ عالم اسلام کو داخلی مسائل میں الجھا دیا گیا ہے دہشت گردی کے نام پر مسلمان ملکوں پر حملے کر کے لاکھوں بے گناہ لوگوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔ سوڈان کے سفیر نے کہا دہشت گردی کیا ہے پہلے اس کی تعریف ہونی چاہئے کیا دوسرے ملک پر چڑھائی کرکے اس میں لاکھوں افراد کو ہلاک کرنا دہشت گردی نہیں ہے۔
سوڈانی سفیر

ای پیپر دی نیشن