لاہور + نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت اور روس نے ملکر دہشت گردی سے لڑنے اور قابو پانے کیلئے معاہدہ کر لیا۔ اس حوالے سے روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولو کولٹیسو اور ان کے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کے درمیان گزشتہ روز نئی دہلی میں مذاکرات ہوئے جس کے بعد دونوں نے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ اچھا یا برا نہیں دہشت گرد دہشت گرد ہوتا ہے دونوں ممالک ہر مقصد ہر مشکل میں ہونیوالی دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے ملکر لڑینگے۔ مذاکرات کے دوران روسی وزیر داخلہ اور راجناتھ سنگھ نے اس بات پر اتفاق ظاہر کیا کہ سکیورٹی اور دفاع کے معاملات میں دونوں ممالک کے درمیان اشتراک کار خاص کر دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تعاون بڑھانا ناگزیر ہے بھارت اور روس کے درمیان ہونیوالا نیا معاہدہ 1993ء میں ہونیوالے معاہدے کی جگہ لے گا دونوں ممالک نے دہشتگردی کے چیلنجز سے نمٹنے کی لئے اطلاعات کے تبادلے پر بھی رضامندی ظاہر کی جبکہ پولیس اور تفتیشی ایجنسیوں کے اہلکاروں کی تربیت بھی کی جائے گی۔