لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے ریگولیٹری ڈیوٹی کے معاملے پر ہائی کورٹ کی جانب سے حکم امتناعی اور وفاقی وزیر تجارت کی جانب سے نظرثانی کی یقین دہانی کو خوش آئند قرا ر دیتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کی مد میں25ارب کے ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا گیا جس سے سب سے زیادہ صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے۔حکومت کو معاشی نوعیت کے ایسے اہم فیصلے کرنے سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کو لازمی اعتماد میں لینا چاہیے۔غیر ضروری اور سامان تعیش کی آڑ میں اشیاء پر بھی ڈیوٹی عائد کر دی گئی جو صنعتی پیداوار یا برآمدی مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں ۔ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر ٹیکسوں میں اضافہ یا ڈیوٹی کا نفاذ نہیں کیا جاسکتا اس لیے عدالت کے عبوری فیصلہ کے بعد ریگولیٹری ڈیوٹی میں5سے80فیصد اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہزیب ا کرم کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر ٹیکسوں میں اضافہ بلاجواز ہے: پیاف
Nov 28, 2017