اپنا گھر پراجیکٹ انقلابی منصوبہ

Nov 28, 2018

اداریہ

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گزشتہ روز نوجوانوں کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ایجنڈا عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ اس کے سوا کوئی دوسرا ایجنڈہ تھا نہ ہے نہ ہوگا ۔ انہوںنے کہا ’’ اپنا گھر ‘‘ ہائوسنگ پراجیکٹ انقلابی منصوبہ ہے۔اس کے تحت بے گھر افراد کو چھت ملے گی ، ہائوسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔
تحریک انصاف نے جب انتخابی منشور دیا اور اس میں 50لاکھ بے گھروں کو چھت کی فراہمی اور ایک کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کیا تو مخالفین نے اس کا مذاق اڑایا، اور اسے انتخابات جیتنے کے نعرے قرار دیا۔ ایسے بھی لوگ تھے جو اتنی بڑی تعداد میں گھروں کی تعمیر کو شیخ چلی کا منصوبہ قرار دیتے اور کہتے تھے کہ اتنا پیسہ کہاں سے آئے گا۔ لیکن تحریک انصاف نے اقتدار میں آتے ہی منشور کی تکمیل کی سمت سنجیدگی سے اقدامات شروع کئے ۔ سو دن کی قلیل مدت میں ایک کھرب 45ارب روپے کی 84ہزار ایکڑ اراضی ، قبضہ مافیا سے واگزار کرکے قومی اثاثے میں شامل کر دی ، تو منصوبے کو ناممکن کہنے والوں کے منہ بندہوگئے۔ حکومت کے اخلاص کو دیکھتے ہوئے گزشتہ چند دنوں میں کئی ایسے لوگ سامنے ہیں جو اپنا گھر منصوبے میں تن تنہا سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں ، چنانچہ توقع ہے کہ اس منصوبے پر جلدی کام شروع ہو جائے گا ۔ کسی بھی کام کے لئے خواہ وہ کتنا بڑا ہو ، پہلا قدم بڑی اہمیت رکھتا ہے ۔ اپنا گھر منصوبہ محض 50لاکھ گھر بنانے کا میگا پراجیکٹ ہی نہیں بلکہ مختلف معاشی شعبوں میں زبردست سرگرمیوں کے آغاز کا سبب بنے گا ، بے گھروں کو چھت ملے گی ،روز گار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے ۔ اینٹوں کے بھٹوں سے لے کر سیمنٹ سریا ، بجری ، اور لکڑی کے کاموں تک کے کاریگر اس میںحصہ دار ہوں گے۔ یوں لاکھوں افراد بالواسطہ یا بلا واسطہ اس سے منسلک ہو جائیں گے ۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے وژن سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کمٹمنٹ حیرت انگیز ہے، وہ جس لگن کے ساتھ تحریک انصاف کے انتخابی منشور کو آگے بڑھا رہے ہیں، وہ قابل داد ہے۔ انہوں نے خود کو صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے مکمل وقف کردیاہے ۔ اگر دوسرے وزرائے اعلیٰ عثمان بزدار کو رول ماڈل بنالیں ، تو ان کے صوبے بھی ترقی وخوشحالی میں پنجاب کے ہمسر ہو سکتے ہیں ۔

مزیدخبریں