لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) یاسر شاہ کی تباہ کن بائولنگ کے نتیجے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دبئی ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دیدی جس کے بعد تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز کیویز ٹیم 312 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی، یاسر شاہ نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔لیگ سپنر یاسر شاہ نے مجموعی طور پر میچ میں 14 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بلال آصف ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو روس ٹیلر 49 اور ٹام لاتھم 44 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے مجموعی سکور 146 تک پہنچایا تو لاتھم 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ٹیلر بھی 82 رنز بنا کر بلال آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ہنری نکولس 77، واٹلنگ 27، گرینڈ ہوم 14، نیل واگنر 10، ایش سودھی 2 اور ٹرینٹ بولٹ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔یاسر شاہ نے میچ میں 184 رنز کے عوض 14 وکٹیں حاصل کیں اور اس کارکردگی پر انہیں 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا۔ کیویز ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد کپتان سرفراز احمد نے فالو آن کرایا تو پاکستان کو مہمان ٹیم پر 328 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں حارث سہیل کے 147 رنز اور بابراعظم کی 127 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت 5 وکٹوں پر 418 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاندار فتح کھلاڑیوں کی محنت بالخصوص یاسر شاہ کی تباہ کن بائولنگ کا نتیجہ ہے جنہوں نے کیویز بلے بازوں کو پویلین واپس بھجوایا۔