کراچی(آئی این پی) موٹرسائیکل سوار نوجوان پینے کے صاف پانی کے کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق منگل کو کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں موٹر سائیکل سوار نوجوان شہر کو پانی سپلائی کرنے والی واٹر بورڈ کی 55 انچ کی کھلی لائن میں گر کرجاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی نعش جائے حادثہ سے کئی کلومیٹر دور مشین ٹول فیکٹری کے قریب واٹر پمپنگ سٹیشن میں پھنسی ہوئی ملی ہے، جسے علاقہ مکینوں نے رضاکاروں کی مدد سے بمشکل نکالا۔ بھینس کالونی کے ڈیری فارمرز کی ایسوسی ایشن کے رہنما شاکر عمر گجر نے بتایا کہ ان کے ایک ڈیری فارمر نعیم گجر کا جواں سال بیٹا احمد منگل کو صبح موٹر سائیکل پر بھینس کالونی میں روڈ نمبر 11 پر جا رہا تھا کہ واٹر بورڈ کی 55 انچ کی لائن کے کھلے مین ہول میں گرگیا۔ اہل خانہ کے مطابق پانی کا تیز بہائو نوجوان کو بہا کر لے گیا تاہم اس کی موٹرسائیکل مین ہول میں پھنسی ہوئی ملی۔