لاہور (این این آئی، خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی گورو دوارہ کرتار پور آمد باعث فخر عمل ہے، وزیر اعظم کے کرتار پور بارڈر راہداری کھولنے کے اعلان پر پوری سکھ قوم بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی پر مسرت ہیں اور وزیر اعظم نے ہمسایہ ملک بھارت سمیت دنیا بھر کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اور مسلمان امن پسند ہیں۔ کرتار پور بارڈر راہداری کھولنے پر بھارت میں بھی حکومت پاکستان اور عمران خان کے اس اقدام کی کھلے الفاظ میں تعریف ہو رہی ہے اور اس عمل سے دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی اور صلح پسند ہونے میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں آئے سکھ رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ نور الحق قادری نے کہا ہے کہ توہین انبیاء کے سدباب کیلئے عالمی قانون بنانے کیلئے پاکستان امت مسلمہ کی قیادت کریگا، حکومت اسلامی نظریہ کونسل کی سفارشات پر قانون سازی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کریگی۔ منگل کو یہاں اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر قانون سازی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنا ہمارا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات قومی اسمبلی اور سینٹ میں پیش کرنے کے معاملے میں ماضی کی طرح تاخیر نہیں ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کے ماڈل پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
کرتار پور بارڈر کھولنے پر سکھوں سمیت تمام مذاہب کے افراد خوش ہیں: وزیر مذہبی امور
Nov 28, 2018