کولمبو(این این آئی) انگلینڈ اور سری لنکن اسپنرز نے باہمی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نئی تاریخ رقم کردی اور دونوں ٹیموں کے اسپنرز نے سیریز میں مجموعی طور پر 100وکٹیں حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔سری لنکا کی میزبانی میں کھیلی گئی تین میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیموں کی مجموعی طور پر 111وکٹیں گریں جس میں سے اسپنرز نے 100وکٹیں حاصل کیں۔سیریز میں سری لنکن اسپنرز نے 51 اور انگلینڈ کے اسپنرز نے 49 وکٹیں حاصل کیں جو انگلش اسپنرز کی جانب سے کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں حاصل کی جانے والی وکٹوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بین فوکس کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا اور اس کے ساتھ ہی وہ ڈیبیو ٹیسٹ سیریز میں یہ ایوارڈ جیتنے والے انگلینڈ کے پہلے اور مجموعی طور پر 11ویں کھلاڑی بن گئے۔فوکس نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں میں ڈیبیو کیا تھا اور سیریز میں اسپن باؤلنگ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے سیریز میں 18وکٹیں حاصل کیں اور ڈیبیو سیریز میں ہی مین آف دی سیریز کا ایوارڈ جیتنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اس سے قبل ڈیبیو ٹیسٹ سیریز میں مین آف دی سیریز ایوارڈ جیتنے کا اعزاز سارو گنگولی، جیکس روڈلف، مائیکل کلارک، اجنتھا مینڈس، روی چندرن ایشون، ورنن فلینڈر، جیمز پیٹنسن، روہت شرما، مہدی حسن میراز اور پرتھوی شاہ کو حاصل ہے۔
انگلینڈ اور سری لنکا کے اسپنرز نے100وکٹیں حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی
Nov 28, 2018