ڈھاکہ ہائی کمشن سے کمپیوٹر چوری پر پاکستان کا بنگلہ دیش سے شدید احتجاج

اسلام آباد (بی بی سی+ نوائے وقت نیوز) پاکستانی دفتر خارجہ نے ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشن میں کمپیوٹروں کی چوری پر بنگلہ دیش سے 'سخت احتجاج' کیا ہے۔ چند روز قبل پاکستانی ہائی کمشن میں چوروں نے گھس کر چند کمپیوٹر چوری کر لیے تھے۔ پاکستانی دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس معاملے کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس کو کر دی گئی تھی اور اس معاملے کی ایف آئی آر بھی درج کرا دی گئی تھی۔ پاکستانی دفترِ خارجہ نے مطالبہ کیا ہے اس کے ہائی کمشن کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا پاکستانی ہائی کمشن کی عمارت سفارتی علاقے میں واقع ہے اور یہاں چوری سخت تشویش کا باعث ہے۔ ہم نے ڈھاکہ اور اسلام آباد دونوں جگہ بنگلہ دیش کے حکام سے اس واقعے پر سخت احتجاج کیا ہے۔ بطور میزبان یہ بنگلہ حکومت کی ذمہ داری ہے وہ پاکستانی ہائی کمشن کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے۔ دفترِ خارجہ نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائیں اور اس کے نتائج سے پاکستان کو آگاہ کیا جائے۔ بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار توحید السلام نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان ہائی کمشن میں چوری کی واردات سے مکمل لاعملی کا اظہار کیا۔ البتہ ڈھاکہ میں ڈپلومیٹک سکیورٹی ڈویژن کے ڈپٹی پولیس کمشنر حیات الاسلام خان نے کہا کہ انہیں اس واقعے کا علم ہے اور اس کی تحقیق کی جا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن