کراچی (آئی این پی+ این این آئی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پارٹی رہنمائوں کو کسانوں کے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے حکومت کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ منگل کو پیپلز پارٹی نے پنجاب میں کسانوں کے حقوق کی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پارٹی رہنمائوں کو کسانوں کے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلنے کی ہدایت کردی۔ کسانوں کے استحصال کے خلاف تحریک کا پانچ دسمبر کو چنیوٹ سے آغاز ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی۔ پارٹی کسانوں کیساتھ کھڑی ہو جائے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ کسانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر اب خاموش نہیں رہیں گے۔ کرشنگ نہ کرنے کے خلاف شوگر ملز مالکان کے خلاف پی پی پی کا پہلا مظاہرہ پانچ دسمبر کو چنیوٹ میں ہوگا جس کی قیادت صوبائی صدر قمر زمان کائرہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان کرشنگ کا آغاز نہ کر کے کسانوں کا استحصال کر رہے ہیں، چنیوٹ میں سو سالوں سے زمین کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو بے دخل کیا جا رہا ہے۔ مزارعین سے زمینیں چھین کر سرمایہ داروں کو دینے کی پالیسی بنائی گئی ہے، تمام کاشتکاروں، کسانوں اور ہاریوں سے اپیل ہے کہ وہ اس تحریک میں بھرپور شرکت کریں۔