شہباز شریف کے سینے میں گلٹیوں کا انکشاف، ایک گردہ بھی متاثر، طبی معائنے کے بعد اسلام آباد سے لاہور منتقل

Nov 28, 2018

اسلام آباد+ لاہور (خصوصی نمائندہ+ خصوصی رپورٹر) شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں سینے میں گلٹیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے ۔ شہباز شریف کا چند روز پہلے نجی لیب سے سی ٹی سکین کیا گیا تھا۔ شہباز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ میں کینسر دوبارہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹروں نے شہبازشریف سے سب جیل میں ملاقات کی اور رپورٹس پر بات چیت کی۔ ڈاکٹروں نے شہباز شریف کی بڑی آنت کی اندرونی دیوار کے بڑھنے اور پھیلاؤ پر ڈاکٹرز نے اظہار تشویش کیا ہے۔ شہبازشریف کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کے ایک گردے کے متاثر ہونے کے اثرات بھی پائے گئے ہیں۔ میڈیکل بورڈ نے تجویز دی ہے کہ شہبازشریف کو کھلی، ہوادار،گرد سے پاک، سورج کی روشنی والی جگہ پر رکھا جائے، پرہجوم اور زیادہ افراد والی جگہ پر کینسر سروائیور کو رکھنا محفوظ نہیں۔ دیگر بیمار قیدیوں سے ایسے مریض کا قریب رہنا خطرناک ہوتا ہے۔ شہبازشریف کیلئے کینسر، گردوں اور دیگر بیماریوں کے طبی ماہرین پر مشتمل بورڈ بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ میڈیکل بورڈ نے نیب کو رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ طبی صورتحال کے پیش نظر شہبازشریف کا تفصیلی تجزیہ ناگزیر ہے۔ بعدازاں شہباز شریف کو ڈاکٹروں سے اجازت ملنے کے بعد لاہور منتقل کر دیا گیا۔ شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کے سلسلے میں ان دنوں نیب لاہور کی تحویل میں ہیں۔ انہیں قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی غرض سے راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد لایا گیا تھا۔

مزیدخبریں