ملک میں معاشی بحران خطرناک شکل اختیار کر رہا ہے:لیاقت بلوچ

Nov 28, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار ) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے جے آئی یوتھ خیبر پی کے ، کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کئی خطرات سے دوچار ہے ۔ سیاسی ، معاشی اور سماجی بحران خطرناک شکل اختیار کر رہا ہے ۔ پارلیمانی محاذ پر باہم دست و گریبان سیاست قومی سلامتی اور جمہوریت کے لیے خطرناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں مسلم لیگ اور پی پی پی کی حکومتوں نے ملک و ملت کو مسائل اور مشکلات سے دوچار کیا لیکن عمران خان حکومت نے پہلے سو دنوں میں یوٹرنز ، پسپائی ،ناتجربہ کاری ، بد زبانی اور حکومت چلانے کا کوئی وژن نہ رکھنے کی وجہ سے مایوسیوں کے تسلسل کو برقرار رکھاہے ۔ نوجوانوں کی بے روزگاری بڑھ رہی ہے ۔ عوام مہنگائی ، بجلی تیل گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عذاب میں مبتلا ہیں ۔ بہر حال حکومت پہلے سو دنوں میں عوام کو مطمئن کرنے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ مستقل کرنے کے لیے پاکستان کو دہشتگرد ملک قرار دلانے کے لیے ہر ناپاک سازش کر رہاہے ۔ پاکستان میں دہشتگردی کی ہر واردات کے پیچھے ہندوستان ہے ۔

مزیدخبریں