پاکستان، بھارت مذاکرات ضرور ہونے چاہئیں، موقع ملا تو پاکستانی آرمی چیف سے دوبارہ جپھی ڈالوں گا: سدھو

Nov 28, 2018

لاہور (نیٹ نیوز) کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے سابق بھارتی کرکٹر و سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ضرور ہونے چاہئیں۔ اگر موقع ملا تو دوبارہ بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جپھی ضرور ڈالوں گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوشیاں ہی خوشیاں ہوں دامن میں جس کے کیوں نہ وہ خوشی سے دیوانہ ہو، یہ اس وعدے کا یقین ہے جو آج رنگ لے آیا ہے۔ مجھے امید تھی یہ مثبت قدم ہے اور بارڈر بند کرنے سے ہمیں کیا ملا؟ اگر کوئی چیز آگے بڑھے تو امن و امان سے بڑھے گی اور امن خود ہی خوشحالی کو لے کر آتا ہے۔ اگر ہم لوگوں کی زندگی میں بہتری لاسکیں تو یہ ایک بڑا قدم ہے اور منزل ان کو ملتی ہے جن کے سپنوں میں جان ہوتی ہے، صرف پروں سے کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا پنجاب میل ممبئی سے آتی تھی اور پنجاب تک چلتی تھی میں اس ریل کو یورپ تک جاتے دیکھنا چاہتا ہوں، مثبت سوچیں گے تو سب کچھ مثبت ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملک اکیلے کچھ نہیں کرسکتا، دونوں کو آگے بڑھنے کیلئے قدم اٹھانا ہوگا، نیک نیتی ہی تھی جو آج یہ سب کچھ ہوا، اگر یہ سرحد کھل گئی تو 6 ماہ میں 6 سال کی ترقی ہوگی، یہاں سے سبزی، فروٹ اور سیمنٹ یورپ جاکر فروخت ہوگا۔ انہوں نے کہا دونوں ملکوں کے درمیان لوگوں کو ویزا جلد اور آسانی سے ملنا چاہیے، وعدے اور انڈے ٹوٹنے کیلئے ہوتے ہیں کوششیں کامیاب ہوتی ہیں۔ قبل ازیں واہگہ بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے سدھو نے کہا عمران خان نے تین ماہ پہلے جو بیج بویا آج وہ پودا بن چکا ہے، اس سے زیادہ خوشی نہ مجھے ہوسکتی تھی اور نہ 12 کروڑ سکھ برادری کو، پاکستان کے وزیراعظم اور تمام افسران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کرتارپور راہداری امن کا راستہ ثابت ہوگا، امن کی راہداری کھلنے سے 60 سال کے بجائے 6 ماہ میں خوشحالی آسکتی ہے، یہ راہداری دونوں ممالک کی سرحدیں کھلنے کا باعث ہوگی۔ انہوں نے کہا مذہب کو سیاست کی نگاہ سے مت دیکھیں، خود پر تنقید کرنے والوں سے میرا انتقام یہی ہے کہ جاؤ معاف کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت میں بہت سے نامور فنکار اور کھلاڑی ہیں جنہیں سب پیار کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ میچ ہونے چاہئیں۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا وزیراعظم عمران خان نے جو بیج بویا آج پودا بن چکا ہے۔ ان کا بچپن سے فین ہوں۔ 3 ماہ پہلے کئے وعدے کی آج تکمیل ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کا شکر گزار ہوں۔ 71 سال کا انتظار کرتارپور راہداری کی شکل میں مکمل ہوا۔ کرتار پور راہداری سے 12 کروڑ سکھوں کو خوشی نصیب ہوئی۔ راہداری امن کا راستہ ثابت ہو گا۔ پاکستان بھارت کرکٹ میچ ہونے چاہئیں۔ بی بی سی کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو نے لاہور پہنچنے پر کہا ’وزیراعظم عمران خان نے یہ بیج بویا جس سے نئی امید اور ترنگ کا پودا اْگا ہے‘۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مذہب کو حکمرانی اور دہشت گردی کے چشمے سے نہیں دیکھنا چاہیے، دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ کسی پیروکار کو اس کے مذہبی مقام پر جانے اور عبادت سے روکا جائے‘۔ آن لائن کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ جو کچھ 71 برسوں میں نہ ہوسکا وہ تین ماہ میں ہوگیا، بارڈر کھلنے سے ہماری مصنوعات یورپ کی منڈیوں تک پہنچیں گی، دونوں ممالک کی جانب سے بات چیت آگے بڑھنی چاہیے، پانی بنیادی ضرورت ہے اگلے سو برسوں میں پانی پر جنگیں ہوگی، تمام دریائوں کا از سر نو جائزہ لینا ضروری ہے۔ دونوں ممالک میں کرکٹ شروع ہونی چاہیے، اس سے فاصلے کم ہوتے ہیں جپھی ڈالنا پیار کی علامت ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی نواز شریف کو جپھی ڈالی۔

مزیدخبریں