اسلام آباد(این این آئی) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان کا بیانیہ، امن کا بیانیہ ہے،ہمیں مل کر غربت اور جہالت سے لڑنا ہوگا، اب ہمیں باہمی تجارت پر توجہ مرکوز کرنی ہو گی۔بدھ کو صدرمملکت نے افریقی ممالک کے سفیروں کی دوروزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے افریقی ممالک کیساتھ دیرینہ تعلقات ہیں،موجودہ حکومت آنے کے بعدافریقہ کیساتھ تعلقات میں اضافہ ہوا۔انہوںنے کہاافریقہ کیساتھ سفارتی عملے کی تعدادمیں بھی اضافہ ہوا۔ دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے کوشاں ہیں۔ پاکستان کے افریقہ ممالک کے ساتھ تاریخی تعلقات رہے لیکن اب ہمیں مستقبل کی جانب دیکھنا ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ افریقہ میں امن قائم کرنے میں پاکستان کااہم کرداررہاہے۔پاکستان اور افریقہ میں کئی مماثلت ہیں،پاکستان سے تاریکی کے بادل چھٹ رہے ہیں سیکورٹی اور امن و امان میں نمایاں بہتری آئی ہے، پاکستان دنیا میں ایک نئی حیثیت سے دنیا کے سامنے ابھر کر سامنے آ ریا ہے۔پاکستان کا بیانیہ، امن کا بیانیہ ہے،ہمیں مل کر غربت اور جہالت سے لڑنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اب ہمیں باہمی تجارت پر توجہ مرکوز کرنی ہو گی۔ عارف علوی نے کہاکہ باہمی سیاحت کا فروغ بھی ہماری پالیسی کا حصہ ہونا چاہیے، پاکستان کی معیشت میں بہتری آرہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جوں جوں پاکستان کی معیشت پھیل رہی ہے۔ مواقع پیداہورہے ہیں،دنیاکیلئے پاکستان ایک اہم ریاست کے طورپرابھرکرسامنے آرہاہے۔صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے،پاکستان کی طرح افریقہ کوبھی منی لانڈرنگ جیسے مسائل کاسامنارہا ہے۔صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان اورافریقہ کے مسائل ایک جیسے ہیں،پاکستان اورافریقہ ابھرتے ہوئے خطوں کے طورپرسامنے آرہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اقوام کوآگے بڑھنے کیلئے ماضی سے سبق سیکھناہوگا۔صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔