پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ہے، ملکہ ہالینڈ، دورہ لاہور، سکیورٹی سخت

Nov 28, 2019

لاہور(خصوصی رپورٹ، نامہ نگار) اقوام متحدہ کی خصوصی ایڈوکیٹ اورہا لینڈ کی ملکہ میکسیما کا کہنا ہے کہ خواتین کی معاشی با اختیاری کے بغیر غربت کا خاتمہ ممکن نہیں۔ فنجا جیسی ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے اداروں کو گھریلو خواتین کو چھوٹی صنعتوں اور کاروبار کے لئے معاونت فراہم کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار ملکہ میکسیما نے غالب مارکیٹ گلبرگ میں چھوٹے دکانداروں سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر فنجا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کاسف شاہد نے ملکہ میکسیما کا خیر مقدم کیا۔ اور انہیں چھوٹے کاروباری افراد کے مالی معاملات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ کی۔ ملکہ اڑتالیس سالہ صوفی بی بی سے بھی ملیں جن کا تعلق انتہائی کم پڑھے لکھے اور غریب خاندان سے تھا اور وہ اس وقت فنجا کی ٹیکنالوجی کی مدد سے غالب مارکیٹ میں بیوٹیشن کا کاروبار کر رہی ہیں۔ ملکہ میکسیما وسیم جنرل سٹور کے مالک محمد عابد اسلام سے بھی ملیں جن کا کاروباری کئی سال سے نقصان میں جا رہا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے فنجا کی مدد سے ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے ساتھ اپنی سپلائی چین بنائی اور ان کا کاروبار منافع بخش ہو گیا۔ بعدازاں فنجا کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمر منور نے بھی ملکہ کو بریفنگ دی۔ دریں اثناء ہالینڈ کی ملکہ میکسمازو گیوٹا کی صوبائی دارالحکومت لاہور آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے، تین ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات رہے۔گلبرگ میں ملکہ نے بائیکیا سینٹر کا دورہ کیا، سینٹر کی انتظامیہ نے بائیک سروس پر بریفنگ دی۔ ملکہ جو اقوام متحدہ کی نمائندہ برائے سرمایہ کاری بھی ہیں، نے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین ملک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی منڈی ہے جہاں دنیا بھر کے سرمایہ کاروںکو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ بائیکیا سینٹر سے ملکہ کی اگلی منزل گلبرگ کا ایم ایم عالم روڈ ٹھہرا جہاں میکسیما نے مائیکرو فنانس سروس کے ریجنل آفس کا دورہ کیا۔ ملکہ نے ڈیفنس کا دورہ بھی کیا اور ملکہ میکسیما نے فیز ٹو میں بیوٹی سیلون کا افتتاح کیا۔ انتہائی مصروفیت کے باعث ملکہ لاہور میوزیم اور بادشاہی مسجد فوڈ سٹریٹ کا نظارہ نہ کرسکیں۔

مزیدخبریں