وزیراعظم کاعدلیہ سمیت تمام اداروں کو مستحکم کرنےکیلئےہرممکن تعاون کےعزم کااظہار

Nov 28, 2019 | 22:00

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے عدلیہ سمیت تمام اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے مکمل تعاون کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار آج اسلام آباد میں ''انگیج افریقہ'' کے عنوان سے ہونے والی سفیروں کی کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے دشمن پاکستان میں اداروں کے درمیان تصادم کی توقع کر رہے تھے لیکن انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ آج اداروں کے درمیان بے مثال ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہو چکی ہیں جہاں ادارے ایک دوسرے کے ساتھ نہیں ٹکراتے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے عدلیہ کی آزادی کیلئے تئیس سال جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان مخالف قوتوں کو شکست ہوئی ہے۔وزیراعظم نے افریقی ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کے حوالے سے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اس خطے پر توجہ مرکوز کی جائے اور ہمارا مشن زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری اور ترسیلات زر کو پاکستان لانا اور برآمدات میں اضافہ ہونا چاہئے۔

مزیدخبریں