لاہور (کامرس رپورٹر)ریلوے انتظامیہ نے عوام کی سہولت کے پیش نظر لاہور،راولپنڈی،لاہور کے درمیان چلنے والی سُبک رفتار اور راولپنڈی،کوہاٹ کینٹ کے درمیان چلنے والی کوہاٹ ایکسپریس کو 30نومبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سُبک رفتار لاہور سے شام 4بج کر 30منٹ پر روانہ ہو کر گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات، لالہ موسیٰ ، جہلم اور چک لالہ ریلوے سٹیشن پر سٹاپ کرتی ہوئی رات 9بج کر 30منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔ اسی طرح سُبک رفتارشام 4بج کر 30منٹ پر راولپنڈی سے بھی روانہ ہوگی۔کوہاٹ ایکسپریس راولپنڈی سے سہ پہر 3بج کر 30منٹ پر روانہ ہو کر گولڑہ شریف ، ترنول ہالٹ،فتح جنگ، کاہال ہالٹ،بسال شریف ہالٹ، بسال جنکشن ،ڈومل ، جنڈ اور بابری بانڈا ریلوے سٹیشن پر سٹاپ کرتی ہوئی شام 7بج کر 20منٹ پر کوہاٹ کینٹ ریلوے سٹیشن پہنچے گی جبکہ (134-Dn)کوہاٹ ایکسپریس صبح 7بج کر 30منٹ پر کوہاٹ کینٹ ریلوے سٹیشن سے روانہ ہوگی۔ دریں اثناء ریلوے نے ضعیف العمر شہری اور معذور افراد کی ای ٹکٹنگ کے ذریعے بکنگ کے لئے طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے۔ڈائریکٹر آئی ٹی کے مطابق وہ تمامضعیف العمر شہری اور معذور افراد جن کے پاس شناختی کارڈموجود ہے اُن کو ای ٹکٹنگ کی سہولت حاصل کرنے کے لئے ریلوے ویب سائٹ www.pakrail.gov.pkسے ای ٹکٹنگ فارم برائیــ ’’ضعیف العمر شہری اور معذور افراد‘‘ کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گا یا یہ فارم متعلقہ بکنگ/ریزرویشن دفاتر سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے بعد ازاں فارم کے دو سیٹ بھر کر متعلقہ بکنگ/ریزرویشن دفاتر جمع کروائے جائیں گے۔فارم جمع کرانے کے فوری بعد پاکستان ریلوے سے پہلا ٹکٹ خریدتے ہی ضعیف العمر شہری اور معذور افراد آن لائن رعایت حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔ اسی طرح کا طریقہ کار موبائل ایپلی کیشن پر بھی موجود ہے۔
لاہور، راولپنڈی کیلئے سبک رفتار اور کوہاٹ ایکسپریس 30 نومبر سے بحال بوڑھے، معذور افراد کیلئے ای ٹکٹنگ منظور
Nov 28, 2020