یہ وقت حکومت نہیں کرونا سے لڑنے کا ہے: گورنر سرور

Nov 28, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کی ملاقات۔ جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ مخالفین کے جلسے ''کرونا پھیلائو ''مہم کا حصہ ثابت ہوں گے 'یہ وقت حکومت کیخلاف جنگ لڑنے کا نہیں کرونا کے خلاف جنگ لڑنے کا ہے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے گورنرہائوس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی جس میں اسمبلی اور سیاسی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا حکومت مضبوط اور مستحکم ہے اس کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی فر ق نہیں پڑیگا۔ اس لئے اپوزیشن کو بھی سمجھ لینا چاہیے کہ وہ جلسے کر کے خود کو صرف سیاسی طور پر زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم پاکستان کو آگے اور مخالفین پاکستان کو پیچھے لیکر جانا چاہتے ہیں۔ انشاء اللہ پاکستان کامیابیوں کیساتھ آگے بڑھتا رہیگا۔ پہلی بار موجودہ حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت کو ختم کردیا ہے۔ کرونا سے بچائو کیلئے ہر سطح پر ایس او پیز پر مکمل عملددرآمد ضروری ہے۔ ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ وزیراعظم پر قوم کو مکمل اعتماد ہے اپوزیشن کے عزائم ناکام ہوں گے۔

مزیدخبریں