اسرائیلی فورسز کی فائرنگ،گھروں پرچھاپے،ایک فلسطینی شہید ،متعددگرفتار

Nov 28, 2020

مقبوضہ بیت المقدس+رملہ (این این آئی+صباح نیوز) اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور فلسطینی نوجوان کو بے دردی کے ساتھ شہید کر دیا جبکہ اسرائیلی فوجیوں نے مختلف کارروائیوں میں مغربی کنارے سے 7فلسطینی شہری گرفتار کر لئے۔تفصیلات کے مطابق قابض فوج نے فلسطینی نوجوان کو گولیاں مارنے اور شہید کرنے کو سند جواز فراہم کرنے کیلئے مشرقی بیت المقدس میں الزعیم چوکی پر اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھانے کا الزام عائد کیا ہے۔مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق شہید فلسطینی کی شناخت 37 سالہ نور جمال شقیر کے نام سے کی گئی ہے جس کا تعلق مسجد اقصیٰ کے جنوبی علاقے سلوان میں وادی ربابہ کالونی سے تھا۔شہید فلسطینی کے اہل خانہ کے مطابق جمال شقیر پبلک ٹرانسپورٹ میں کام کرتا تھا۔ انہوں نے اسے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد سڑک پر پڑے تڑپتے دیکھا۔علاوہ ازیں صہیونی فوجیوں نے رملہ کے شمال مغرب میں واقع کوبر شہر پر دھاوا بولا اور 7 شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ صہیونی فوجیوں نے رملہ کے شمال مشرق میں واقع المغیر قصبے سے دو اور شمالی رملہ کے بیرزیت قصبے سے 2 شہریوں کو اغوا کیا۔جنگجوؤں نے اسرائیلی فوج پر فائرنگ شروع کردی۔ دریں اثنا جنین کے جنوب مغرب میں واقع اربع قصبے میں صہیونی فوجیوں کی ایک مہم کے دوران 2 نوجوان جن کی شناخت قیس ابو صلاحہ اور عیسار نواف کے نام سے ہوئی تھی ، کو اس کے گھر سے گرفتارکرلیا گیا تھا۔

مزیدخبریں