لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پنجاب بار کونسل کے انتخابات آج ہفتہ کو ہو رہے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کا احاطہ پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا۔ انتخابات کے روز کسی بھی شخص کو بغیر ماسک کے پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ پولنگ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر وقفہ کے ہو گی۔ امیدوار ووٹرز وکلاء کیلئے سینی ٹائزر کا بندوبست کریں گے۔ کسی امیدوار کو پولنگ کے روز ہائیکورٹ اور اس کے گردونواح میں لنچ باکس تقسیم کرنے، ہائیکورٹ میں انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔دریں اثناء الیکشن کمشنر و ریٹرننگ افسر کے فرائض ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس انجام دیں گے۔ پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں 399 امیدوار جبکہ لاہور سے 16 سیٹوں کیلئے 95 امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ کا امکان ہے۔ وکلا کے دو بڑے گروپوں حامد خان گروپ اور عاصمہ جہانگیر گروپ روایتی طور پر مد مقابل ہیں جبکہ بعض آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ نو منتخب ارکان کے ناموں کا باضابطہ اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔
پنجاب بار کونسل کے انتخابات آج لاہور ہائیکورٹ کا احاطہ پولنگ سٹیشن قرار
Nov 28, 2020