شہباز شریف ، حمزہ 5روزہ پیرول پر رہا، لندن میں شمیم اختر کی نماز جنازہ، آج جاتی امرا میں تدفین ہوگی

Nov 28, 2020

شہباز شریف ، حمزہ 5روزہ پیرول پر رہا، لندن میں شمیم اختر کی نماز جنازہ، آج جاتی امرا میں تدفین ہوگی
شہباز شریف ، حمزہ 5روزہ پیرول پر رہا، لندن میں شمیم اختر کی نماز جنازہ، آج جاتی امرا میں تدفین ہوگی

لندن، لاہور (نیوز رپورٹر+اپنے نامہ نگار سے +وقائع نگار خصوصی +عارف چودھری +نوائے وقت رپورٹ) پنجاب حکومت نے شہباز شریف کو والدہ کے جنازے اور ان کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کر دیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف کو بھی رہائی ملی ہے۔ رہائی کے بعد شہباز شریف حمزہ شہباز کے ساتھ جاتی امرا پہنچ گئے۔ دوسری جانب لندن میں بیگم شمیم اختر کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ برطانیہ میں سخت لاک ڈاؤن کے سبب نماز جنازہ میں صرف 30 افراد ہی شریک ہوئے۔ نماز جنازہ میں نواز شریف، سلمان شہباز، عابد شیر علی، ناصر جنجوعہ، ڈاکٹر اشرف چوہان، ناصر بٹ و دیگر شامل تھے۔ بیگم شمیم اختر کی میت آج لندن سے لاہور پہنچے گی۔ ان کی تدفین کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ ان کی تدفین جاتی امراء میں ہوگی۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز جسد خاکی کو لاہور ایئرپورٹ سے جاتی امراء  لے کر جائیں گے۔ آج بعد نماز ظہر نماز جنازہ ادا کی جائیگی۔  شریف کمپلیکس میں بیگم شمیم اختر مرحومہ کی نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ نماز جنازہ کے لیے میت رکھنے اور عزیز اقارب کے لئے جگہ پر بیریئر لگا دیئے گئے ہیں۔ میت تک عوام کی رسائی کو روکنے کے لیے بیرئیر کے ذریعے راستہ بند کیا جائے گا۔

مزیدخبریں