اپوزیشن ذاتی مفاد میں اندھی ، عوام کی زندگیوں سے کھیلنا بند کرے: شبلی فراز

Nov 28, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ کروناکی دوسری شدید لہر کے باوجود اپوزیشن تسلسل کے ساتھ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے، ذاتی مفاد میں اندھی اپوزیشن عوام کی زندگیوں سے کھیلنا بند کرے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے کہا کہ اپوزیشن کی جلسیوں کو عوام مسترد کر رہے ہیں کیونکہ انکی نہ منزل ایک ہے نہ سوچ یکساں جبکہ متضاد سمتوں کے مسافر منزل پر نہیں پہنچتے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) کی ترقی اور بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ حکومت اپنی ماضی کی شان کو بحال کرنا چاہتی ہے۔ جمعرات کو انہوں نے پی ٹی وی کے  عملے کوپی ٹی وی کے قیام کی  56 ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قومی نشریات کو جدید ترین  ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔ پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پی ٹی وی ٹرانسمیشن کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کی ثقافت کو فروغ دینا چاہتی ہے، حکومت پی ٹی وی میں بہتری لانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آنے والے دنوں میں پی ٹی وی کے ٹرانسمیشن میں واضح تبدیلی کا مشاہدہ کریں گے۔

مزیدخبریں