پولیس پی ڈی ایم رہنماؤں سے  حلف نامے پر دستخط کرواتی رہی

Nov 28, 2020

ملتان‘ بورے والا(سپیشل رپورٹر‘ نامہ نگار) پی ڈی ایم کے جلسہ کے سلسلہ میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ساتھ پولیس بھی متحرک رہی۔ گزشتہ روز بھی پولیس نے چھاپے مار کر متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا جبکہ کئی رہنما گھروں میں نہ مل سکے۔ دوسری جانب کرونا ایس او پیز کے لئے پولیس تھانہ میں بلوائے گئے رہنماؤں سے حلف نامہ پر دستخط کروائے جاتے رہے اور جلسہ میں شرکت کی صورت میں 10 لاکھ روپے بطور تاوان ادائیگی کا بھی کہا گیا۔ تفصیل کے مطابق پولیس کی جانب سے گزشتہ روز بھی پی ڈی ایم رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز پولیس نے ڈویژنل جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن شیخ طارق رشید‘ سینئر نائب صدر شاہد مختار لودھی‘ مسلم لیگ ن کے رہنما عثمان خان بابر‘ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صدر طارق امیر عباسی‘ ملک انور علی‘ عبدالرحمن فری‘ منیر اختر لنگاہ‘ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ساجد امین‘ عبدالرؤف لودھی‘ چوہدری یاسین‘ مسلم لیگ ن کے راؤ ابرار علی مطیع الحسن بخاری کے گھروں پر چھاپے مارے‘ اس دوران ان کے گھروں کے باہر سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا اسی طرح مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ اطہر ممتاز ‘ شاہد مختار لودھی اور عثمان خان بابر کے گھروں کے باہر پولیس ڈالے سارا دن چکر لگاتے رہے‘ یہ رہنما گزشتہ روز اپنے دیگر رشتہ داروں کے گھروں میں منتقل ہو گئے اور شام کو پی ڈی ایم کے تحت ہونے والے جلسوں میں پہنچ گئے۔  بورے والا میں گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں جلسہ کی تیاریوں کے حوالہ سے مشاورت کی گئی اور جلسہ میں شرکت کیلئے حتمی شکل دی گئی اس اجلاس کے بارے سیکورٹی برانچ کی رپورٹ پر تھانہ ماڈل ٹائون پولیس نے اجلاس میں شریک ایم این اے چوہدری فقیر آحمد آرائیں،سابق ایم این اے چوہدری نذیر احمد آرائیں،ممبران پنجاب اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر،چوہدری محمد یوسف کسیلیہ،ایم این اے کے بیٹے چوہدری اسامہ احمد آرائیں،مسلم لیگ(ن) مینارٹی ونگ کے ضلعی صدر نذیر رندھاوا،ضلعی صدر یوتھ ونگ منظور برکت ماڑی والا،سیکرٹری اطلاعات محمد اسلم جمال اورخان خالد خاں سمیت 25/30 افراد کے خلاف کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے جرم پنجاب انفیکشن ڈزیز آرڈیننس کے تحت تھانہ ماڈل ٹائون میں مقدمہ درج کر لیا گیا دوسری جانب 30 نومبر کے ملتان میں ہونے والے پی ڈی ایم اے کے جلسہ سے قبل کارکنان کی پکڑ دھکڑ کے حوالہ سے رات گئے منظور برکت ماڑی والا،محمد اسلم جمال اور دیگر راہنمائوں کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے لیکن کوئی بھی کارکن گرفتار نہ ہو سکا ۔

مزیدخبریں