لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کے 330 رنز کے جواب میں پاکستانی اوپنرز نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔چٹاگانگ کے ظہور احمدسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنائے۔قومی ٹیم کے اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے بہترین شراکت داری قائم کرلی ہے اور دونوں نے نصف سنچریاں سکور کیں، عبداللہ شفیق نے اپنے ڈیبیو میچ میں نصف سنچری بنائی۔عبداللہ شفیق 52 اور عابد علی 93 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ پاکستان کو بنگلہ دیش کا پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 185 رنز درکار جبکہ تمام وکٹیں باقی ہیں ۔ بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو لٹن داس 113 اور مشفیق الرحیم 82 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔تاہم کھیل کے دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے گزشتہ روز سنچری سکور کرنے والے لٹن داس کو ایک رن کے اضافے کے بعد 114 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ لٹن داس اور مشفیق الرحیم کے درمیان 206 رنز کی شراکت ہوئی۔اگلے آنے والے بیٹر یاسر علی کو بھی حسن علی نے 4 رنز پر بولڈ کر دیا جبکہ مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔تاج السلام گیارہ ابو جید آٹھ‘عبادت حسین صفر پر آئوٹ ہوئے۔ مہدی حسن میراز اڑتیس رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 330 پر آؤٹ ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے دو دو وکٹیں حاصل کی، ایک وکٹ ساجد خان کے حصے میں آئی۔کھیل کے پہلے روز بنگلا دیش نے لٹن داس اور مشفیق الرحیم کی ذمے دارانہ بیٹنگ کے باعث 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز سکور کیے تھے۔
بنگلہ دیش 330 پر آوٹ ، حسن علی کے 5 شکار ، پاکستانی اوپنرز بھی ڈٹ گئے
Nov 28, 2021