گوجرانوالہ + وزیر آباد + ٹوبہ ٹیک سنگھ (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) صدر پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن حاجی محمد اشفاق وڑائچ اور سیکرٹری جنرل علی رضا شیخ نے کہا ہے کہ مولانا ظفر علی خان نے تحریک پاکستان میں اہم کردار اداکیا۔ حاکموں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈا لنے اور مخالف قوتوں سے لڑنے کے لئے مولانا ہمیشہ تیار رہتے تھے۔ انہوں نے مسلمان ہند کی جنگ لی۔ انکی کاوشوں، جدوجہد کو تعلیمی سلیبس کا حصہ بنا کر نئی نسل کو بھرپور انداز میں تیار کر سکتے ہیں۔ وہ مولانا طفر علی خان کی برسی کے موقع پر انکے مزار پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کی سیاست اور صحافت آج ہمارے سیاستدانوں اور صحافیوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ علاوہ ازیں وزیرآباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تحریک آزادی پاکستان کے ہیرو بابائے صحافت مولانا ظفر علی خاں کی 65 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ آپ وزیر آباد کے علاقے کرم آباد میں مدفون ہیں۔ گزشتہ روز وزیر آباد میں مولانا ظر علی خان ٹرسٹ اور پریس کلب کے زیر اہتما م اور ممبر مولانا ظفر علی خان ٹرسٹ چوہدری نوازش علی چیمہ اور صدر پریس کلب کی زیرصدارت مزار کے احاطے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مولانا کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ چوہدری نوازش علی چیمہ نے کہا کہ تحریک آزادی کے ہیرو مولانا ظفر علی خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈسٹرکٹ پریس فورم کے زیر اہتمام تحریک پاکستان کے رہنما بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان کی یاد میں 65 ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی اور ان کو آزادی پاکستان اور صحافتی خدمات کے سلسلہ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ پریس فورم کے زیرانتظام اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں کوآرڈینیٹر عمران ندیم سدھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ظفر علی خان نے حق و سچ کا علم بلند کر کے قلم اور زبان سے سامراجی قوتوں کے خلاف جہاد کیا۔
مولانا ظفر علی خان کی برسی‘ وزیر آباد‘ ٹوبہ میں تقریبات
Nov 28, 2021