اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دو روزہ دورے پر ترکمانستان پہنچ گئے۔ ڈپٹی وزیراعظم چیری امانوف نے صدر مملکت کا اشک آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ صدر اقتصادی تعاون تنظیم کے 15 ویں سمٹ اجلا س میں شرکت کریں گے۔ عارف علوی نے ترکمانستان کے صدر گربنگولی بردی محمدوف سے اشک آباد میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین وسیع تر روابط کی مدد سے تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت، سیاحت اور عوامی رابطوں کے فروغ کے لیے سڑکوں، ریل اور ہوائی رابطے ضروری ہیں۔ صدر مملکت کا تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ علاقائی امن و سلامتی بالخصوص افغانستان میں بگڑتی معاشی اور انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت نے افغانستان میں سردیوں کے تناظر میں سنگین انسانی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے فوری خوراک، ادویات اور پناہ کی فراہمی کے لیے افغانستان کے ساتھ عملی روابط کی ضرورت ہے۔