اسلام آباد،لاہور (نمائندہ خصوصی،سپورٹس رپورٹ، اے پی پی، ممتاز احمد بڈانی) کرونا کی نئی افریقی قسم کے سامنے آجانے کی وجہ سے ہانگ کانگ اور 6 جنوبی افریقی ممالک سے سفر پر پابندی لگا دی گئی ہے، اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، اسد عمر نے ٹوئٹ میں کہا کہ نئے کرونا کی قسم کے سامنے آجانے کے بعد 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لئے ویکیسنیشن کرانے کی اہمیت بہت ذیادہ ہو گئی ہے، دریں اثنا پاکستان میں عالمی وبا کرونا وائرس سے مزید 7 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 704 ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 411 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 83 ہزار 886 ہوگئی۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 44 ہزار 598 کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 0.92 فیصد رہی۔ این سی او سی کے مطابق سفری پابندیاں لگانے والے ممالک سے پاکستانی شہریوں کو ایمرجنسی کی صورت میں آنے کی اجازت ہو گی، ساؤتھ افریقہ، ہانگ کانگ، موزمبیق، نمیبیا کو سی لسٹ میں شامل کر دیا گیا سی لسٹ کے ممالک میں بوٹسوانا، ایسویٹنی اور لیسوتھو بھی شامل ہونگے، پابندیوں کے فیصلہ وائرس کی نئی اقسام کی جنوبی افریقہ اور ملحقہ ممالک میں پھیلاؤ کے پیش نظر کیا گیا، انتہائی ہنگامی حالت میں متعلقہ ممالک سے پاکستانیوں کو اجازت کے بعد ہی آنے دیا جائے گا، شہریوں کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ اور بورڈنگ سے 72 گھنٹے پرانا کرونا منفی ٹیسٹ لازمی ہوگا، نیگیٹو ریپڈ اینٹی جین ٹیسٹ والے مسافر گھر پر تین دن کا قرنطینہ کریں گے، قرنطینہ کے دسویں دن مسافر کا پی سی آر ٹیسٹ کیا جائیگا، ریپڈ اینٹی جین ٹیسٹ پازیٹو آنے کی صورت میں دس دن کا لازمی قرنطینہ اختیار کرنا ہوگا سول ایوی ایشن ڈویژن ایئرپورٹ منیجمنٹ اے ایس ایف پابندی والے ممالک سے بالواسطہ پروازوں سے سفر کرنے والوں کی سکریننگ کے لیے طریقہ کار وضع کریں۔ پاکستان سول ایوی ایشن نے این سی او سی کی ہدایت پر ہانگ کانگ سمیت 6 ممالک کی فلائٹس پر پابندی لگا دی، ہفتہ کو افریقی ممالک میں کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد پاکستان نے چھ ممالک سے پروازوں پر پابندی عائد کی، این سی او سی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے خطرات سے بچنے کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے، نئے ویریئنٹ کے خطرے کی وجہ سے جنوبی افریقہ، ہانگ کانگ، موزمبیق، نمیبیا، لیسوتھو اور بوٹسوانا کو کیٹیگری سی میں شامل کر کے فلائٹس روکی گئی ہیں، اعلامیہ کے مطابق ان ممالک سے براہ راست/ بالواسطہ پاکستان سفر پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، ذرئع کے مطابق یہ فیصلہ عالمی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر کیا گیا۔ دنیا کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ سے مقابلے کی کوشش کر رہی ہے جو وائرس کی اس سے پہلے سامنے آنے والی دیگر اقسام سے زیادہ خطرناک ہے جس نے تقریباً دنیا کے تمام براعظموں میں متعدی مرض کی لہر کو ہوا دی ہے۔ امریکہ اور یورپ اس حوالے سے محتاط ہو گئے ہیں۔ نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ یورپی یونین نے بھی جنوبی افریقی ریجن کیساتھ تمام سفری راستے منقطع کر دیئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بی 1.1.529 کو یونانی لفظ اومیکرون کا نام دیا گیا ہے۔ یہ اعلان 26 نومبر کو عالمی ادارے کے ماہرین کے اجلاس کے بعد کیا گیا اور کئی ماہ بعد پہلی بار ڈبلیو ایچ او نے کسی نئی قسم کو باعث تشویش قرار دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ابتدائی شواہد سے عندیہ ملا ہے کہ یہ نئی قسم دوبارہ کووڈ سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔ عالمی تجارتی تنظیم نے مختلف ممالک میں کوویڈ-19 وائرس کی ایک نئی قسم پھیلنے کی وجہ سے اپنی 12 ویں وزارتی کانفرنس (ایم سی 12) ملتوی کردی ہے۔ ادھر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر روک دیئے۔ آئی سی سی اعلامیے کے مطابق نئی کرونا قسم کے پھیلاؤ کے پیش نظر یونٹ ختم کیا گیا۔ امریکہ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت میں تقریباً ساڑھے 7 ڈالر کی بڑی کمی سامنے آئی ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 7.47 ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 69.51 ڈالر بیرل پر ٹریڈنگ کررہا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے باعث ہوئی ہے۔ یورپی یونین نے جنوبی افریقی ریجن کے ساتھ تمام سفری راستے منقطع کر دیئے ہیں۔ برسلز سے یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ افریقہ میں کرونا وائرس کا نیا ویرینٹ پھیلنے کا خطرہ ہے۔ جنوبی افریقہ سے یہ نیدر لینڈ آنے والی 2 پروازوں کے 61 مسافروں کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹ میں تصدیق کر دی اور کہا کہ سفری پابندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ برطانیہ میں کرونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیویارک میں ایمرجنسی کا اطلاق تین دسمبر سے ہو گا۔ تھائی لینڈ نے جنوبی افریقہ میں کرونا کی نئی قسم اومی کرون کی دریافت کے بعد آٹھ افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ سمیت آٹھ دیگر ممالک سے تھائی لینڈ سفر ممکن نہیں ہو سکے گا۔ کرونا وائرس کی نئی قسم کے باعث نیوزی لینڈ نے بھی سفری پابندیاں عائد کر دیں‘ جنوبی افریقہ نے کہا ہے کہ نئے وائرس کی فوری نشاندہی پر سزا دی جا رہی ہے۔ مختلف ملکوں کا پروازیں بند کرنا سزا دینے کے مترادف ہے جو زیادتی ہے۔ جنوبی افریقہ اور کئی افریقی ملکوں سے پروازیں بند کر دی گئیں۔ امریکہ نے بھی جنوبی افریقہ سمیت سات ممالک پر سفری پابندیاں لگا دیں۔ بیلجیئم اور جرمنی میں ’’اومی کرون‘‘ کے پہلے کیس رپورٹ ہو گئے۔ چیک ری پبلک میں بی ایک مشتبہ کیس کی گونج ہے۔ سلطنت عمان نے کرونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کی لہر کے باعث ساتھ افریقی ممالک سے فضائی رابطہ معطل کر دیا۔ افریقی ممالک سے قطر پہنچنے والے مسافروں میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ سعودی عرب نے کرونا وائرس کی نئی قسم کے باعث جنوبی افریقہ سمیت سات افریقی ملکوں سے پروازوں کی آمدورفت معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ’ جنوبی افریقہ، نمبیاِ، زمبابوے، موزمیبق، بوٹسوانا اور اسواتنیا اور لیسوتو سے پروازیں سعودی عرب آسکیں گی اور نہ ان ممالک کے لیے کوئی پرواز چلے گیںسعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ’ ممنوعہ ممالک سے سعودی شہریوں کے سوا کسی کو بھی برارہ راست یا بالواسطہ آنے کی اجازت نہیں ہو گی البتہ ممنوعہ ممالک سے آنے والے مسافروں نے ایسے کسی ملک میں 14 روز گزار لیے گئے ہوں جہاں سے مملکت آنے کی اجازت ہے تو انہیں سعودی عرب میں داخل ہونے دیا جائے گا تاہم ان پر مقررہ صحت ضوابط نافذ ہوں گے۔ علاوہ ازیں اردن کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ’ جنوبی افریقہ سمیت 7 ممالک پر سفری پابندیاں لگائی ہیں جو اتوار 28 نومبر سے نافذ ہوں گی۔
پاکستان کی 7ملکوں پر سفری پابندیاں ، دنیا خوفزدہ
Nov 28, 2021