آڈیو ٹیپ اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحقیقاتی کمشن بنانے کیلئے درخواست

 اسلا م آباد (خصوصی رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ اور عدلیہ پر دیگر الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کی درخواست دائر کردی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست سندھ ہائیکورٹ بار کے صدر صلاح الدین احمد اور ممبر جوڈیشل کمیشن سید حیدر امام رضوی کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں سیکرٹری قانون اور چاروں محکمہ داخلہ کے سیکرٹریز کو فریق بنایا گیاہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس سے منسوب آڈیو ٹیپ سے تاثر ملتا ہے کہ عدلیہ بیرونی قوتوں کے دباؤ میں ہے، عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے آڈیوجعلی ہے یااصلی، تعین کرنا ضروری ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ آڈیو ٹیپ نے عدلیہ کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے ۔ آئینی عدالت ہونے کے ناطے عوام کا آزاد، غیر جانبدار عدلیہ پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ عدلیہ کو اپنے نام کے تحفظ کے لیے آزاد خودمختار کمیشن بنانا چاہیے، اچھی شہرت والے ریٹائرڈجج ،وکیل، صحافی اور سول سوسائٹی کے افراد پر مشتمل آزاد خودمختار کمیشن بنایا جائے، کمیشن سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی چھان بین کرے جب کہ کمیشن کو عدلیہ پر دیگر الزامات کی چھان بین کا بھی کہا جائے۔

ای پیپر دی نیشن