اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) پا کستان نے آر۔ایس۔ایس کے سربراہ کا اشتعال انگیز اور غیرذمہ دارانہ بیان مسترد کر دیا۔ تر جما ن دفتر خا رجہ کے مطا بق تقسیم برصغیرکو’ختم ‘کرنے کے مطالبے سے متعلق ’راشٹریہ سیوک سَنگھ‘ (آر۔ایس۔ایس) کے سربراہ موہن بَھگوَت کا بیان انتہائی اشتعال انگیز اور غیرذمہ دارانہ ہے جس کی پاکستان شدید مذمت کرتے ہوئے مکمل طورپر مسترد کرتا ہے۔ بیان کھلے عام ایسی خودفریبی پر مبنی سوچ اور تاریخ پلٹنے کی بات کی ہے۔ پاکستان نے ’ہندتوا‘ (ہندوراشٹرا) سوچ کے انتہا پسندی کے ساتھ زہریلے میلاپ اور بھارت میں برسراقتدار ’آر۔ایس۔ایس‘،’بی۔جے۔پی‘ کے زیرعمل توسیع پسندانہ خارجہ پالیسی (اکھنڈ بھارت) کے نتیجے میں خطے کے امن وسلامتی کو لاحق خطرے کو باربار اجاگرکیا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کی مخالفت کی ہے اور ہر جارحیت کو ناکام بنانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج امن کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ملکی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ ودفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نوئیڈا میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں موہن بھگوت نے ’اکھنڈ بھارت‘ (متحدہ بھارت) کے نظریئے کی وکلات کرتے ہوئے اسے ناقابل فراموش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کا درد تب ہی ختم ہو گا جب تقسیم ختم کر دی جائے گی‘ جو ٹوٹ گیا اسے دوبارہ اکٹھا کیا جا سکتا ہے‘ بھارت کی تقسیم کے لئے سازشیں گڑھی گئی تھیں جو اب بھی جاری ہیں۔