اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے ایک وفد نے صدر محمد شکیل منیر کی قیادت میں بورڈ آف انوسٹمنٹ (بی او آئی) کا دورہ کیا اور محمد اظفر احسن کو چیئرمین تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ وفد نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں بورڈ آف انوسٹمنٹ ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مزید موثر کردار ادا کرے گا۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ ، نائب صدر محمد فہیم خان، سابق صدور طارق صادق، میاں شوکت مسعود، شیخ عامر وحید، سابق ایگزیکٹو ممبر عثمان خالد اور دیگر شامل تھے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئرمین محمد اظفر احسن نے افریقی خطے میںبزنس کانفرنس منعقد کرنے کے چیمبر کے منصوبے کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ بی او آئی اس کانفرنس کے انعقاد میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے کیونکہ اس کے انعقاد سے پاکستان اور افریقہ کے نجی شعبوں کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔