پراپرٹی ٹیکس اضافہ واپس لینا دوستانہ رویئے کا ثبوت ہے: لاہور چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ واپس لینے پرپنجاب حکومت کو سراہا اور توقع ظاہر کی ہے کہ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جلد ہی جاری کردیا جائے گا۔ ایک بیان میں ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس میں بے تحاشہ اضافہ واپس لینے کے متعلق لاہور چیمبر کا مطالبہ تسلیم کرنا پنجاب حکومت کے دوستانہ رویے کا ثبوت ہے، اس فیصلے سے کاروباری برادری کو بہت ریلیف ملے گا جو روپے کی قدر میں کمی، پالیسی ریٹ میں اضافے اور مہنگائی کی وجہ سے بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کا معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران موثر انداز میں اٹھایا اور انہیں اس کے نتیجے میں صنعت و تجارت کو ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ 
لاہور چیمبر وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکر گزار ہے جنہوں نے لاہور چیمبر کے مطالبے کو تسلیم کرکے کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کیا۔ اس ضمن میں صوبائی وزیرایکسائز و ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد اور سیکریٹری وقاص علی کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس قدم سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو استحکام ملے گا۔ لاہور چیمبر کے عہدیدارو ںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور چیمبرکاروباری برادری کو درپیش مسائل اسی طرح موثر انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن