ملتان (نمائندہ نوائے وقت) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں صنعتی کارکنوں کو مزدور کارڈ جاری کئے جائیں جس پر20 سے زائد آؤٹ لٹ پر15 فیصد رعایت حاصل ہو گی۔ مزدور کارڈ جنوری میں لانچ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب کے11لاکھ رجسٹرڈ صنعتی کارکنوں کو سوشل سکیورٹی کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے صنعتی کارکنوں کو ملنے والی میرج اور ڈیتھ گرانٹ میں اضافہ کردیا ہے، میرج گرانٹ کی رقم 8 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10لاکھ روپے جبکہ تدفین کے اخراجات کے لئے ڈیتھ گرانٹ5 لاکھ روپے سے بڑھا6لاکھ روپے کر دی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خواتین صنعتی کارکنوں کو ہر سال100 موٹر سائیکل دیئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے صنعتی کارکنوں میں 2 کروڑ40 لاکھ روپے مالیت کے ویلفیئر گرانٹ کے چیک تقسیم کرنے موقع پر منعقدہ تقریب اور پی ٹی آئی لیبر ونگ کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب اور ملتان چیمبر آف کامرس کے دورہ کے موقع گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پی ٹی آئی لیبر ونگ جنوبی پنجاب کے استقبالئے میں 11 اضلاع کے عہدیداران ،صدر پی ٹی آئی لیبر ونگ جنوبی پنجاب رانا مسعود، سیکرٹری جنرل عابد حسین اور ضلعی صدر لیبر ونگ ملتان چوہدری الیاس موجود تھے۔ وزیر محنت و انسانی وسائل نے کہا کہ جن صنعتی اداروں میں100 سے زائد افراد پر مشتمل لیبر کام کرتی وہاں فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی، ان فیئر پرائس شاپس پر اشیائے ضروریہ10 فیصد رعایت پر دستیاب ہونگی۔تقریب سے رانا مسعود خان،عابد حسین، قاسم نیازی اور چوہدری الیاس نے بھی خطاب کیا۔ وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصر مجید خان نے ملتان چیمبر آف کامرس کا دورہ بھینل کیا اور انہوں نے صدر ملتان چیمبر آف کامرس سے خواجہ محمد حسین سے ملاقات کی۔ سیکرٹری لیبر پنجاب لیاقت چٹھہ اور ملتان چیمبر آف کامرس کی مجلس عاملہ، ممبران اور صدر ڈی جی خان چیمبر آف کامرس خواجہ جلال الدین رومی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصر مجید خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی ادارے کی پانچ سال میں صرف ایک بار انسپکشن ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی مزدوروں کوزیر التوائ16 ارب روپے کی ویلفیئر گرانٹ جاری کرنے پر کام تیز کردیا گیا ہے۔ صدر ملتان چیمبر آف کامرس خواجہ محمد حسین نے کہا کہ اس موقع پر کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے، انڈسٹریل سنٹرز میں ڈسپنسریاں قائم کی جائیں اور ورکرز ویلفیئر سکولز میں داخلہ پالیسی نرم کی جائے۔ اجلاس میں صدر ڈی جی خان چیمبر آف کامرس خواجہ جلال الدین رومی نے سوشل سکیورٹی ہسپتال میں علاج کی سہولیات مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز دیں۔ پی ٹی آئی لیبر ونگ کے عہدیداران اور لیبر لیڈرز کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں73 صنعتی کارکنوں اور بیوگان میں2 کروڑ40 لاکھ روپے مالیت کے چیک تقسیم کئے گئے۔25 چیک میرج گرانٹ،42 ڈیتھ گرانٹ اور6 چیک ٹیلنٹ سکالر شپ کی مد میں تقسیم کئے گئے۔ وزیر محنت و انسانی وسائل انصر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے محکمہ لیبر میں گزشتہ تین برس میں جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ سکول کے بچوں کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت میں کوئی تعطل نہیں آنے دیا جائے گا اور صنعتی کارکنوں کے بچوں کو کتابیں اور یونیفارم کی فراہمی جاری رہے گی۔ صوبائی وزیر نے ورکرز ویلفیئر سکول کا بھی دور کیا اور سکول میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر محنت