ملتان(خصوصی رپورٹر) محکمہ ہائر ایجوکیشن کی نگرانی میں قائم 26 سرکاری یونیورسٹیوں کیلئے نئی ریکروٹمنٹ پالیسی جاری کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق لیکچررز، اسسٹنٹ پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کے عہدوں پر بھرتیوں کیلئے تعلیمی قابلیت نمبرز مقرر کردیئے گئے ہیں۔ لیکچرار کیلئے کوالیفیکیشن نمبرز 70 اور پی ایچ ڈی کے پانچ اضافی نمبرز، اسسٹنٹ پروفیسر کیلئے تعلیمی قابلیت کے 70 نمبرز اور انٹرویوز کے 20 نمبر اور اسسٹنٹ پروفیسر کیلئے تعلیمی قابلیت کی مد میں پی ایچ ڈی ڈگری کے نمبرز نہیں ملیں گے۔اسی طرح ایسوسی ایٹ اور فل پروفیسر کیلئے تعلیمی قابلیت کے 65 نمبرز اور انٹرویوز کے 20 نمبر جبکہ انٹرویوز میں چالیس فیصد سے کم نمبرز حاصل کرنے والے امیدوار تقرریوں کیلئے نا اہل قرار دیئے گئے ہیں۔ یونیورسٹیاں پروفیسر، ایسوسی ایٹ اور اسسٹنٹ پروفیسر کیلئے پانچ سے کم امیدواروں کے انٹرویوز لینے کی مجاز ہوں گی۔تعلیمی قابلیت میں میٹرک کے پانچ فیصد، انٹرمیڈیٹ کے 10 فیصد، گریجویشن کے 20 فیصد نمبرز شمار ہوں گے۔ ایم اے ڈگری کے 30 فیصد نمبرز اور ایم فل ڈگری کے 35 فیصد نمبرز میرٹ میں شامل ہوں گے۔ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے یونیورسٹیوں کیلئے ریکروٹمنٹ پالیسی جاری کر دی۔
ریکروٹمنٹ پالیسی
انٹرویو میں کم نمبر لینے پر نااہلی‘ جامعات کیلئے ریکروٹمنٹ پالیسی جاری
Nov 28, 2021