لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عابد حفیظ عابد نے کہا ہے 7450ارب کا ٹیکس ہدف پورا کرنے کیلئے ایف بی آر کو پوائنٹ آف سیلز سسٹم پر فوکس کرنا چاہیے ،معیشت ہچکولے کھا رہی ہے لیکن بد قسمتی سے سیاستدانوں کو اس کا ادراک ہی نہیں،اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے ملک کو معاشی طور پر سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔ وہ گزشتہ روز ملاقات کے لئے آنے والے ٹیکس ممبران کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق نائب صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن ثاقب شیخ،ظفر اقبال مغل،حسن عسکری اوردیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہایف بی آر باقاعدگی سے ٹیکس دینے والوں کی ہڈیاں نچوڑنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور انہیں ہی نوٹسز بھجوا کر خوف و ہراس پھیلا جارہا ہے۔ ملک کے معاشی حالات جس نہج پر پہنچ گئے ہیں ایسے میں میثاق معیشت نا گزیر ہے اور اس کے لئے اداروں کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں پی او ایس سسٹم کو آسان بنا کر ایف بی آر اپنے ٹیکس محصولات کے اہداف کوپوراکر سکتا ہے۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ کہ 7ای سیکشن کو دوسال کے لیے موخر کرکے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے لگایا جائے جس سے حکومت اور ایف بی آر کا اعتماد بحال ہو گا۔