حکمران وعدوں کے باوجود قادیانیوں کی سازشیں روکنے میں ناکام رہے: سراج الحق

Nov 28, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کی ہو یا پی ڈی ایم کی قادیانیوں کی سازشوں کو روکنے میں ناکام رہی۔ سابقہ اور موجودہ حکومت کے وعدوں، اعلانات اور نعروں کے باوجود تاحال قادیانیوں کی طرف سے ملک کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ ہمارے ایمان کا اہم ترین حصہ ہے۔ ان عقائد کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل اور قانون کی ہر شق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ ہر طرح کے غیر ملکی دباؤ اور اندرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ حکومت نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا۔ آئین اور قانون موجود ہے لیکن حکومت کی چشم پوشی کی وجہ سے آج بھی قادیانی اہم حکومتی عہدوں پر موجود ہیں جس کی وجہ سے آئے روز نئی سازشیں نئے انداز میں ظاہر ہوتی ہیں۔ حکومت ان کی سازشوں پر فوری طور پر فیصلہ کن اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں مجلس تحفظ ختم نبوت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ قادیانیوں نے کبھی بھی ختم نبوت کی شق کو نہیں مانا۔ آج بھی بیرونی دنیا سے اس شق کے خاتمہ کے لیے دبائو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی جھوٹ اور پراپیگنڈا پر مبنی سیاست نے معاشرے میں شدید سیاسی پولرائزیشن پیدا کردی ہے جس سے عدم براشت اور گالم گلوچ کا کلچر فروغ پارہا ہے جو ہمارے ملک اور معاشرے کے لیے بہت خطرناک ہے۔
سراج الحق

مزیدخبریں