اسلام آباد(نا مہ نگار)جمعیت علما اہل حدیث کے رہنماﺅں نے کہاہے کہ قطرنے ورلڈکپ فٹبال کے موقع پرعالم اسلام کاروشن چہرہ دنیاکے سامنے پیش کیاہے ۔قطر کاشعائراسلام کے حوالے سے کردارعالم اسلام عالم عرب کیلئے خوشی اور مسرت کی بات ہے ، قطر نے شریعت اسلامیہ کے احکامات اور عرب اسلامی روایات کو برقرار رکھ کر قابل فخر عمل کیا ہے ، قطر کے حکمرانوں کی طرف سے فٹبال ورلڈکپ کے بہترین انتظامات پرانہیں مبارک بادپیش کرتے ہیں ۔ان خیالات کااظہارجمعیت علما اہل حدیث کے چیئرمین علامہ قاضی عبدالقدیرخاموش ،مرکزی رہنماﺅں حاجی عبدالغفارسلفی،علامہ عبدالخالق فریدی،حاجی محمدشفیق انصاری،حاجی محمدایوب ،حاجی محمود احمدبٹ ،حافظ عبدالباسط ودیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کیا رہنماﺅ ں نے کہاکہ قطر کی حکومت نے جس طرح فٹ بال ورلڈ کپ کیلئے انتظامات کیے وہ قابل ستائش اور قابل قدر ہیں۔ ان انتظامات میں جس طرح قطر نے اپنے اسلامی تشخص کو برقرار رکھا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قطر کو اسلامی تعلیمات اور اپنی روایات و اقدار پر عمل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنانے والے دراصل ایک اسلامی عرب ملک کی کامیابی سے خوفزدہ ہیں۔ فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران عالم اسلام اور عالم عرب کی قیادت نے قطر آ کر قطر کی حکومت اور عوام سے جس یکجہتی کا اظہار کیا ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام ، حکومت ،علما ومذہبی جماعتیںقطر کے تمام مثبت اقدامات کی تائید و حمایت کرتی ہے بلکہ قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قطر کے خلاف ہر قسم کے پراپیگنڈہ کو مسترد کرتی ہے ۔
قطرنے فٹبال ورلڈکپ میںعالم اسلام کاروشن چہرہ پیش کیا،عبدالقدیرخاموش
Nov 28, 2022