کراچی (این این آئی) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کا نظریہ آفاقی اورفکر بلند ہے ،طلبہ تنظیمیں سیاست کی نرسری ہیں ،یہیں لیڈر بنتے ہیں جو اپنے نظریے کو معاشرے میں عام کرتے ہیں،اسلام جزیات کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل نظام زندگی ہے ،تاریخ میں جب بھی اسلامی نظام غالب ہوا اس دور میں غیر مسلموں کے حقوق کا بھی تحفظ کیاگیا ، آج اسلام کو چند فرقوں میں تقسیم کردیا گیا ہے ،اس وقت پوری دنیا میں باطل کی حکمرانی، مادہ پرستی اور مغرب کی تہذیبی یلغار ہمارے معاشرے پرمسلط ہے ،بدقسمتی سے ملک کا نظام بظاہر خوش نما نظر آتا ہے جس میں بغیر کسی تفریق کے تمام افراد ایک دوسرے کے مددگار دکھائی دیتے ہیں لیکن حقیقت میں یہ نظام ظلم و فساد پرمشتمل ہے جس میں امیر ،امیر تر اور غریب ،غریب تر ہوتا جارہا ہے ،اسلامی جمعیت طلبہ اپنے کارکنان کی ذاتی و اجتماعی زندگی کی تربیت کرتی ہے ، جس میں خوف الہی اور رب کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد شامل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ زون شمالی کے تحت مسجد قباگلبرگ میں دوروزہ تربیت گاہ کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ سے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ شکیل احمد ،کراچی کے ناظم بلال جمیل ،ناظم زون شمالی میاں محمد عمر پرویز ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی اقامت دین کی جدوجہد، عوامی خدمت اور کراچی کے حقوق کی آواز اٹھاتی رہی ہے اور یہ جدوجہد آئندہ بھی جاری رکھے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک اچھے داعی کے لئے بھی علم بہت ضروری ہے، اس کے ساتھ ہمیں خود کو حالات حاضرہ اور اپنے ارد گرد کے حالات اور مسائل کے بارے میں پوری طرح سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے، بہترین منصوبہ بندی اور نظم جماعت کے تعاون اور اطاعت سے مشکل سے مشکل کام بھی آسانی سے ہوجاتے ہیں۔ ایک داعی کے لیے ہر محاذ پر علم اور تعلق باللہ م¶ثر قوت اور ہتھیار ہیں، ہمیں دعوت کو وسیع کر کے اسلامی تحریک کو مضبوط کرنا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن
طلبہ تنظیمیں سیاست کی نرسری،نظریے کومعاشرے میں عام کرتے ہیں،حافظ نعیم الرحمن
Nov 28, 2022