حکومت عمران کی امانت اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ دیر نہیں ہو گی



لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا کہیں گے تو ایک منٹ کی دیر نہیں ہوگی۔ اپنے ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، ہم وضع دار لوگ ہیں جس کے ساتھ چلتے ہیں اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے، اسمبلیوں سے جب استعفے دئیے تو شہباز شریف کی 27 کلومیٹر کی حکومت 27 گھنٹے بھی نہیں چل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عمران خان کو ایک نئی زندگی عطا کی ہے، راولپنڈی جلسے میں عمران خان کی سیاسی حکمت عملی فیصلہ کن راؤنڈ میں داخل ہو گئی ہے، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر عمران خان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، صوبائی اسمبلیوں سے استعفے آتے ہی پی ڈی ایم کا جعلی اتحاد بھی انتشار کی شکل اختیار کرتا جائے گا، ن لیگ والے شعبدہ باز جھوٹ بولنے باز ہی نہیں آ رہے، آپ کو سمجھآ جائے گی آپ کے ساتھ الیکشن میں وہ کچھ ہو گا کہ آپ کی پشتیں بھی یاد رکھیں گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے سینئر فلم پروڈیوسر شیخ امجد رشید اور رانا خالد منظور نے وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی، جس میں فلم انڈسٹری کی بحالی و مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فلم بالخصوص پنجابی فلم کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے 1ارب روپے کے فنڈز سے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔ مستحق فنکاروں کے لئے مالی امداد 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی ہے۔ پنجاب حکومت فلم پروڈکشن سٹوڈیو بنانے کا جائزہ لے گی اور عوام کو معیاری تفریح کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سے چیئرمین ٹاسک فورس برائے فاریسٹ، وائلڈ لائف اینڈ فشریز بدر منیر نے وزیر اعلی آفس میں ملاقات  کی۔ جس میں صوبے میں جنگلی حیات اور ماہی پروری کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں فش فارمنگ کے لیے ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ٹرائوٹ مچھلی کی پنجاب میں فارمنگ کے لئے جامع پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ نے گلبرگ میں ڈور پھرنے سے شہری کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے لاہور پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔
پرویزالٰہی

ای پیپر دی نیشن