اسلام آباد(وقائع نگار) چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کو اسلام آباد میں بطور اسپیشل جج سینٹرل 2 تعینات کردیا گیا۔جج ہمایوں دلاور کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ جج ہمایوں دلاور کو 3 سال کے لیے اسپیشل جج سینٹرل تعینات کیا گیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جج ہمایوں دلاور جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں فرائض سرانجام دیں گے۔ہمایوں دلاور کل سے بطور اسپیشل جج سینٹرل 2 فرائض سر انجام دیں گے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل 2 کیلئے کمرہ عدالت جوڈیشل کمپلیکس میں تیار کرلیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ جج ہمایوں دلاور ایف آئی اے اور سائبرکرائم سے متعلق کیسزکی سماعت کریں گے۔خیال رہے کہ رواں سال اگست میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔ بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا معطل کردی تھی۔