طالبہ کے قتل کا نوٹس، مظلوم خاندان کو انصاف ملے گا: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) محسن نقوی کے نام کا غلط استعمال کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے والے ملزم یسین کو لاہور پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور ملزم کے خلاف تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزموں کو قانون کی گرفت میں لے کر مزید کارروائی شروع کردی۔ واضح رہے کہ ملزم یسین نے وزیر اعلی پنجاب کا نام استعمال کر کے پولیس پر دباو¿ ڈالا اور ڈرائیونگ کرنے والی کم عمر بچی کو وزیراعلی کا رشتہ دار ظاہر کیا اور بچی کو چھوڑنے کے لیے پولیس کو دھمکیاں دیں۔ ملزم یسین کی وزیراعلی کا نام استعمال کرکے کم عمر بچی کو چھوڑنے کے حوالے سے پولیس کو دھمکیاں دینے کی وڈیو وائرل ہوئی، جس پر محسن نقوی نے فوری نوٹس لے کر پولیس کو غلط بیانی اور کار سرکار میں مداخلت پر کارروائی کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور کے تھانہ چوہنگ کی حدود میں میڈیکل کی طالبہ کے قتل کے المناک واقعہ کے ذمہ دار ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی اور اندوہناک واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کے حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی اور مظلوم خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔ محسن نقوی نے المناک واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی کہ ملزمان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور مرکزی ملزم سمیت مفرور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے غفلت برتنے پر متعلقہ پولیس کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے راولپنڈی میں ٹریفک حادثے میں 2 پولیو ورکرز کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے بکاخیل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ محسن نقوی نے خودکش حملے کے نتیجے میں تین فوجی جوانوں سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ محسن نقوی نے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے حوالے سے سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ بابا گرونانک دیو جی محبت، امن اور بھائی چارے کے داعی تھے۔ بابا گرونانک نے انسانیت سے پیار، مساوات اور ہمدردی کے پیغام کو عام کیا۔ بابا گرونانک دیوجی مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے۔ ہم بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے 3 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کو پنجاب میں جی آیاں نوں کہتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن