لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن کی بجائے سلیکشن کا شور انتہائی تشویشناک ہے۔ عوام کی طاقت ہی جمہوریت کا سرچشمہ ہے۔ جبکہ ملک میں عوامی سیاست کی بجائے الیکٹیبلز کی سیاست ہورہی ہے۔ ملک میں انتخابی منشور کی بجائے الزامات کی سیاست کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی حلقوں میں کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں تنقید اور الزامات کی سیاست کی بجائے عوامی مفادات کی سیاست کو ترجیح دیں۔سب کو ملکر ملکی مسائل کے حل کی طرف جانا چاہیے جو صرف الیکشن سے ہی ممکن ہے۔ علاوہ ازیں خالد مسعود سندھو نے بنوں میں خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان اور معصوم شہریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔دعا ہے کہ اللہ پاک شہداء کے درجات بلند فرمائے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ آمین