لاہور(سپورٹس رپورٹر)اٹلی کی ٹیم نے 47سال بعد پہلا اے ٹی پی ڈیوس کپ ایونٹ جیت لیا۔ اطالوی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 0-2 سے شکست دی۔ یہ ڈیوس کپ فائنلز کا چوتھا ایڈیشن تھا۔ مارٹن کارپینا ایرینا، ملاگا ، سپین میں کھیلے گئے ڈیوس کپ فائنلز کے فائنل میچ میں اٹلی ٹینس کھلاڑی میٹیو آرنلڈی نے سخت مقابلے کے بعد مینز سنگلز مقابلے میں آسٹریلین حریف کھلاڑی الیکسی پوپیرین کو شکست دی۔ اطالوی کھلاڑی میٹیو آرنلڈی کی فتح کا سکور 5-7، 6-2اور 4-6 تھا۔ دوسرے مینز سنگلز میچ میں اٹلی کے جینک سنر نے شاندار کارکردگی سے آسٹریلین حریف کھلاڑی ایلکس ڈی مینور کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 0-6 شکست دی۔ واضح رہے کہ 2022کے ڈیوس کپ فائنلز کے فائنل میں کینیڈین ٹیم نے آسٹریلیا کو شکست دےکر ڈیوس کپ جیتا تھا۔