بھارتی ریاست گجرات میں بارش، طوفان، بجلی گرنے سے 24افراد ہلاک، متعدد زخمی

Nov 28, 2023

نئی دہلی(نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست گجرات میں دو روز سے گرج چمک کے ساتھ بارش، طوفان اور کچھ علاقوں میں ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، ان واقعات میں2 درجن افراد ہلاک اور تقریباً اتنے ہی زخمی ہو چکے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں 24 گھنٹوں میں  144 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی طوفانی بارشوں نے کئی مکانات کو تباہ کر دیا جب کہ مال مویشی کو بھی نقصان پہنچا۔ آج دوپہر کے بعد سے بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے لیکن بھارتی محکمہ موسمیات نے گجرات کے کچھ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشنگوئی کی ہے۔ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات زیادہ تر کھیتوں اور میدانی علاقوں میں پیش آئے۔ ان علاقوں میں بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات عام ہیں تاہم پہلی بار اتنی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ریاستی حکومت نے آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں جانی اور مالی نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے سروے کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس کی بنائی گئی رپورٹ کی بنیاد پر متاثرین کی مالی مدد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ گجرات میں اگست 2020 میں موسلادھار بارش اور سیلاب سے 14 افراد جب کہ اگست 2019ء میں 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ان دونوں واقعات میں آسمانی بجلی سے ہلاک ہونے والے بھی شامل تھے۔

مزیدخبریں