سموگ،3 روزہ لاک ڈائون کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے،کاروباری سرگرمیاں بحال

Nov 28, 2023

لاہور ( این این آئی) سموگ کی روک تھام کے لئے تین روزہ سمارٹ لاک ڈائون کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے  اور کاروباری سرگرمیاں بھی معمول کے مطابق بحال ہو گئیں تاہم شہریوں کو فضائی آلودگی سے نجات نہ مل سکی، لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے 418 اے کیو آئی کیساتھ دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی کے باعث صوبے کے 10 اضلاع میں تین روز کے لئے سمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ کیا تھا۔جس کے باعث تعلیمی ادارے جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہے جبکہ کاروبار کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ۔ سمارٹ لاک ڈائون کے بعد پیر کے روز سکول، کالجز اور جامعات میں حاضری معمول کے مطابق رہی اور کاروباری سرگرمیاں بھی معمول کے مطابق بحال ہوگئیں، دکانوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کاربھی بدل گئے تاہم شہریوں پر ماسک کی پابندی برقرار ہے۔ادھر شہریوں کو پیر کے روز بھی فضائی آلودگی سے نجات نہ مل سکی، لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے 418 اے کیو آئی کیساتھ دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا جبکہ کراچی فضائی آلودگی کے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر رہا ۔دوسری جانب ہسپتالوں میں سموگ سے متاثر ہونے والے شہریوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ 6روز میں شہر کے 5بڑے ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ 7ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔

مزیدخبریں