لاہور( نوائے وقت رپورٹ) واپڈاکے آٹھ زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل سے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں تقریباً9.7 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا جس کی وجہ سے پاکستان میں پانی کی کیری اوور کیپسٹی 30دِن سے بڑھ کر 45 دِن ہو جائے گی۔بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں بھی 9 ہزار میگاواٹ اضافہ ہوگا اور واپڈا پن بجلی کی پیداواری صلاحیت دگنا ہو کر 18ہزار میگاواٹ سے زائدہو جائے گی۔یہ بات واپڈاہاؤس کا دورہ کرنے والے پاکستان ایئر فورس ایئر وار کالج کراچی کے وفد کو بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ وفد کی سربراہی وائس پریزیڈنٹ پی اے ایف ایئر وار کالج کموڈور راجہ عمران اصغرکر رہے تھے۔ وفد میں پاکستان کی مسلح افواج اوردوست ممالک بشمول بحرین، بنگلا دیش، مصر، انڈونیشیا،ایران،اردن، ملائشیا، نائیجیریا، سری لنکا، ساؤتھ افریقہ، سعودی عرب، یمن اور زمبابوے کی افواج کے آفیسرز شامل تھے۔ ممبر پاور واپڈا جمیل اختر، واپڈا کے جنرل منیجرز اور دیگر سینئر آفیسرز بھی موجود تھے۔سیکرٹری واپڈا فخرالزماں علی چیمہ نے مہمانوں کاخیرمقدم کیا جبکہ ایڈوائزر (ہائیڈرالوجی اینڈ واٹر مینجمنٹ) شاہد حمید نے وفد کو واپڈا کے فرائض،موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درپیش مشکلات ‘امکانات اور ملک کی واٹر سکیورٹی کیلئے واپڈا کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔