پشاور(نوائے وقت رپورٹ) کوہستان میں مبینہ طور پر جرگے کے ایما پر لڑکی کے قتل کے واقعے پر نگران وزیر اعلیٰ سید ارشد حسین شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے آی جی کو ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ایڈیشنل ہوم سیکرٹری سے رابطہ کیا اور واقعے کی فوری انکوائری کے لیے ضروری اقدامات کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس سے بھی رابطہ کیا اور واقعے میں ملوث تمام افراد کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ ارشد حسین نے کہا کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، قانون اور انصاف کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، مقتولہ لڑکی کی ساتھی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات یقین بنائے جائیں۔کولئی پالس کے ڈی پی او کے مطابق لڑکی کے خاندان کے بڑوں نے جو تصویریں دیکھ کر لڑکی کے قتل کا فیصلہ کیا وہ ایڈیٹڈ تھیں، لڑکی کی تصویر ایڈٹ کرکے لڑکوں کی تصویر کے ساتھ لگائی گئی تھی۔