اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسلز میں سفارتخانے کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، اس ضمن میں یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا تسلسل انتہائی خوش آئند ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس اقدام سے یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ اور سفارتی عملے نے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں رکھی ’’وزٹرز بک‘‘ میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ دریں اثناء نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے برسلز میں یورپی یونین کی کمشنر ہوم افیئرز یلوا جوہانسن سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں انہوں نے مائیگریشن اینڈ موبلٹی ڈائیلاگ کے تناظر میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مائیگریشن کے قانونی راستے تلاش کرنے کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔