چینی پولیس افسروں کا دورہ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر‘ تربیت کا عملی مظاہرہ دیکھا

Nov 28, 2023

لاہور (نامہ نگار) پاکستان کے دورے پر آئے چینی صوبہ جیانگ سو پولیس کے سینئر افسروں نے لاہور میں مصروف دن گذارا۔ تین یونگ شنگ ڈپٹی ڈی جی، پبلک سکیورٹی جیانگ سو پولیس کی قیادت میں چینی افسران نے دن کے آغاز میں ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں کا دورہ کیا، جہاں ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ وقار عباسی نے ایلیٹ فورس کی ٹریننگ، پیشہ ورانہ امور اور آپریشنز کے بارے میں آگاہی دی۔ چینی پولیس افسران نے ایڈیشنل آئی جی  ہائی وے پٹرول راؤ عبدالکریم سے بھی ملاقات کی۔ چینی پولیس افسروں نے ایلیٹ فورس کی ٹریننگ کے معیار اور مشقوں کا جائزہ لیا۔ ایلیٹ اہلکاروں نے ایمرجنسی صورتحال میں وی وی آئی پیز پروٹیکشن، کراٹے، فزیکل فائٹ اور فائرنگ پریکٹس کا مظاہرہ کیا۔ چینی پولیس افسروں نے ایلیٹ کے زیر استعمال اسلحہ اور دیگر جدید وسائل کا معائنہ بھی کیا۔ بعدازاں چینی صوبے جیانگ سو کے پولیس افسران کے وفد نے پولیس خدمت سنٹر لبرٹی مارکیٹ کا دورہ کیا۔ مسٹر تین یونگ شنگ ڈپٹی ڈی جی پبلک سکیورٹی جیانگ سو پولیس کی قیادت میں وفد کے دیگر افسران شامل تھے۔ اے ایس پی گلبرگ سیدہ شہربانو نے چینی پولیس افسران کو خدمت و تحفظ مرکز کی ورکنگ اور فیچرز بارے آگاہی دی۔

مزیدخبریں