اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نائجیریا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل (ر ) سہیل احمد خان نے ملاقات کی ہے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نائیجیریا کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نائیجیریا کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، دونوں ممالک کے باہمی فائدے کیلئے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانا ہوگا،نائیجیریا افریقہ کی سب سے بڑی معیشت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نائیجیریا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بہتر بنانے کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں،اقتصادی سفارت کاری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی حصہ ہے ،نامزد ہائی کمشنر ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے لیے کام کریں ۔صدر مملکت نے میجر جنرل (ریٹائرڈ ) سہیل احمد خان کو نائجیریا میں تقرری پر انہیں مبارکباد دی۔